وزارت تعلیم نے ٹیلی سکول کیلئے خصوصی ایس ایم سروس 8228متعارف کرادی
اسلام آباد (نا مہ نگار)وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت نے ٹیلی سکول کے لئے خصوصی ایس ایم سروس 8228متعارف کرادی ۔ ایس ایم ایس سروس سے ٹیلی سکول کے بہتر نتائج اور تدریسی عمل کو موثر بنانے کے لئے طلبا اور والدین کا براہ راست فیڈ بیک حاصل ہو گا۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ کرونا کی صورتحال میں وزارت تعلیم نے ہنگامی بنیادوں پر ٹیلی سکول کا آغاز کیا جو نا صرف تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث طلبا کے لئے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا ذریعہ ہے بلکہ تعلیم بالغاں اور آئوٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے کا حصہ بنانے کا زبردست موقع ہے۔ اس موقعے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ والدین اور طلبا کا فیڈ بیک حاصل کیا جائے جس کے لیے یہ ایس ایم ایس سروس متعارف کروائی جا رہی ہے ۔ ٹیلی سکول کے لئے 8228ایس ایم سروس وزارت تعلیم ، ڈیجیٹل پاکستان ، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی ، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور تمام ٹیلی کام کمپنیوں کے اشتراک سے شروع کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ادروس نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف جانا ایک اہم پیش رفت ہے ۔ٹیلی سکول ایس ایم ایس سروس کے ذریعے والدین اور طلبا سے سوالات کے ذریعے ان کی رائے لی جائے گی ۔