نوجوانوں کو فری لانسنگ مہارتوں میں دس لاکھ ٹریننگز دی گئی
اسلام آباد ( (نوائے وقت نیوز) وزارت آئی ٹی کے قومی سطح کے تربیتی پروگرام ڈیجی سکلز ڈاٹ پی کے (DigiSkills.pk ) کے تحت نوجوانوں کو فری لانسنگ مہارتوں میں دس لاکھ ٹریننگز دی گئی ہیں۔ڈیجی سکلز ٹریننگ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل ہونے پر وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی شعیب احمد صدیقی کو بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ڈیجی سکلز ٹریننگ پراجیکٹ ورچوئل یونیورسٹی کو اوپن ٹینڈر کے ذریعے ایوارڈ کیا گیا تھا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر علوی نے سیکرٹری آئی ٹی کو پراجیکٹ کے بارے میں بریف کیا۔ اس موقع پر سی ای او اگنائٹ سید جنید امام اور ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی نعیم طارق بھی موجود تھے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے سیکرٹری آئی ٹی کو آگاہ کیا کہ تیس مہینوں کے دورانیہ میں پراجیکٹ کا مقصد سات بیچوں (batches ) میں دس لاکھ ٹریننگز دینا تھا جبکہ دس لاکھ آن لائن ٹریننگز دینے کا ٹارگٹ چھٹے بیچ میں ہی مکمل کر لیا گیا۔وفاقی سیکرٹری آئی ٹی نے اگنائیٹ، ورچوئل یونیورسٹی اور مارکیٹنگ و مانیٹرنگ ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔نیشنل لیول ٹریننگ پروگرام ڈیجی سکلز ڈاٹ پی کے دس کورسز پر مشتمل ہے جن میں فری لانسنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سرچ انجن آپٹیمائزیشن، گرافک ڈیزائن، ڈیجیٹل لٹریسی، ای کامرس مینجمنٹ، کری ایٹو رائٹنگ، کویک بکس، آٹوکیڈ اور ورڈ پریس شامل ہیں۔