پاور ڈویژن نے مسابقتی عمل کے ذریعے 200ارب روپے کے سکوک کا اجرا مکمل کرلیا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) پاور ڈویژن نے مسابقتی عمل کے ذریعے 200ارب روپے کے سکوک کا اجرا مکمل کرلیا ہے جس کو کل وقتی کائبرسے کم ریٹ پر حاصل کیا گیا ہے۔ سکوک کا موجودہ عمل پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے مسابقتی بک بلڈنگ کے عمل کے ذریعے شفاف طریقے سے کیا گیا ہے جس میں تمام بنکوں نے کھلے انداز میں حصہ لیا۔ یہ موجودہ سکوک پرانے زیادہ مہنگے قرضوں کا متبادل ہونگے۔ اگر ان کا پرانے قرضوں سے موازنہ کیا جائے تو یہ 19بلین روپے کی 10 سال میں قرضوں کی سروسز پر لگنے والی خطیر رقم کی بچت کرے گی۔ وفاقی وزیر برائے پاور وپیٹرولیم عمر ایوب خان اور سیکرٹری پاورعرفان علی نے پاور سیکٹر کی ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا۔ انہوں نے فنانس ڈویژن، اسٹیٹ بنک آف پاکستان، سیکورٹی ایکسچینج کمیشن پاکستان، اسٹاک ایکسچینج کے تعاون کو بھی تسلیم کیا۔