او پی ایف میں کورونا کے مریض کا دوسرا ٹیسٹ منفی آگیا
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)او پی ایف میں کورونا کے مریض کا دوسرا ٹیسٹ منفی آگیا تاہم ہسپتال انتظامیہ نے چودہ دن تک قرنطینہ میں رہنے کا مشورہ دیدیا ہے۔گزشتہ روز او پی ایف ویلفئر سیکشن کے ملازم محمد علی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیاتھا جس کے پیش نظر تمام سٹاف میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی تھی کیونکہ مذکورہ ملازم سٹاف بس کے ذریعہ دفتر آیا کرتے تھے اور بس میں ہر سیکشن کے افراد موجود ہوتے ہیں۔معلومات کے مطابق محمد علی نے دوسری ہسپتال سے ٹیسٹ کروایا تو وہ منفی ایا اور ہسپتال انتظامیہ نے انہیں حفظ ما تقدم کے طور پر از خود قرنطینہ کا مشورہ دیا ہے اس موقع پر او پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمن نے بتایا کہ او پی ایف میں جب دو ہفتہ قبل پہلا کیس سامنے آیا تھا تو اس وقت حفاظتی اقدامات کر لیے گئے تھے منیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایت پر دفاتر کو کلوروکین سے صاف کرنے کے ساتھ خصوصی گیٹ بھی نصب کیے گیے ہیں اور ان دروازوں میں سے ہر ملازم ایک نہیں دن میں کئی بار گزرتا ہے اورجراثیم کا خاتمہ ہوتا ہے انہوں نے مزید بتایا کہا ایسے حالات میں جہاں اس موذی مرض سے متعلق حکومتی احکامات بھی واضع ہیں وہاں او پی ایف کی جانب سے کسی سستی کا مظاہرہ نہیں کیا جا سکتا ہے اور ملازمین کی حفاظت اولین فرض ہے۔