چیئر پرسن ایف بی آر سے راولپنڈی چیمبرکے وفد کی ملاقات
راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفد نے چیئر پرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد سے اسلام آباد ایف بی آر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ وفد میں گروپ لیڈر سہیل الطاف اور سابق صدر زاہد لطیف خان شامل تھے۔ چیئر پرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مالی سال کا بجٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔سٹیک ہولڈرز سے تجاویز اکٹھی کی جار ہی ہیں۔کرونا وبا کے پیش نظر یہ ایک غیر معمولی بجٹ ہو گا۔ لاک ڈاون کے باعث کاروبار بند ہونے سے ٹیکس اہداف پورے کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی جانب سے چیمبرز صدور کانفرس کا مشترکہ اعلامیہ بجٹ سازی میں مفید ہو گا۔ راولپنڈی چیمبر کی جانب سے بجٹ تجاویز کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز سے بہترین بجٹ مرتب کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدر صبور ملک نے کہا کہ چیمبر نے ویڈیو لنک کے ذریعے تمام چیمبرز صدور کے ساتھ ورچوئل سمٹ کا انعقاد کیا اور مشترکہ تجاویز اکٹھی کیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر کی بجٹ تجاویز کو بجٹ سازی میں شامل کیا جائے گا۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ مشترکہ اعلامیہ ایک اہم ڈاکومنٹ ہے اور حکومت کو معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے یہ ایک بنیادی گائیڈلائن کا کام کرے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجٹ سازی اور محصولات کے اہداف مقرر کرتے وقت زمینی حقائق کو سامنے رکھا جائے۔ ایف بی آر ایسی ٹیکس اصلاحات متعارف کرا ئے تاکہ نئے ٹیکس گزار راغب ہوں ۔