عید تعطیلات کے دوران مری میں سیاحتی مقامات اورہوٹل بند رہیں گے
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے عید کی تعطیلات کے دوران مری میں سیاحتی مقامات ،ہوٹل اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے عوامی و تفریحی مقامات پر شہریوں کے غیر معمولی رش اور ہوٹلوں میں مسافروں کی آمد رفت سے کرونا وائرس کے بڑھنے کے خدشہ کے پیش نظر شہریوں کے تحفظ کے لئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے مری کے راستوں پر پولیس کی چیک پوسٹیں قائم ہیں اس لئے شہری سیر و سیاحت کی غرض سے مری کا رخ نہ کریں انہوں نے کہا کہ مری کے رہائشی لوگوں کو قومی شناختی کارڈ دکھانے پر جس پر مری کا پتہ درج ہو ،مری میں داخلے کی اجاز ت ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ اور کورونا وائرس سے بچائو کے لئے یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں اس لئے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ عید کے دنوں میں سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں اورحکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیںتاکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔