مغربی کنارے کا انضمام، فلسطین نے امریکہ اور اسرائیل کیساتھ سکیورٹی معاہدے ختم کر دیئے
غزہ(اے پی پی) فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ دستخط کردہ تمام سکیورٹی معاہدے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق فلسطینی صدر صدر محمود عباس نے یہ اعلان رملہ میں ہنگامی اجلاس کے دوران کیا جو مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو ضم کیے جانے کے اسرائیلی منصوبوں پرغور کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس اعلان میں اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی سمجھوتے اور اوسلو معاہدہ شامل ہے جس پر 1993 میں دستخط کیے گئے تھے۔ یہ اعلان اتوار کو حلف اٹھانے والی نئی اسرائیلی حکومت کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے کے حصوں کو ضم کیے جانے کے عندیے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ معاہدوں کو ختم کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل کو اب ایک قابض طاقت کی حیثیت سے بین الاقوامی ذمہ داریوں اور فرائض کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم وستم کے لیے امریکی انتظامیہ مکمل طور پر ذمہ دار ہے اور فلسطینی عوام کے خلاف اقدامات،غیر منصفانہ فیصلوں اور ہر قسم کی جارحیت پر قابض اسرائیلی حکومت کے ساتھ اسے بھی بنیادی شراکت دار سمجھتے ہیں۔