سعودی عرب میںکوڑے مارنے کی سزا باضابطہ طور پر ختم
ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے باضابطہ طور پرمجرموں کو تعزیر میں کوڑے مارنے کی سزا ختم کردی ہے۔سعودی عرب کی وزارتِ عدل نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا اب کوڑوں کے متبادل کے طور پر جیل یا جرمانے یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔عدالتیں مقدمات کی سماعت کریں گی،ان کا جائزہ لیں گی اور ہر مقدمے کا اس کی نوعیت کے اعتبار سے منصفانہ فیصلہ کریں گی۔سعودی عرب کے وزیر انصاف ولید السمعانی نے اس ضمن میں تمام عدالتوں کو ایک سرکلر جاری کردیا ہے اور اس میں انھیں عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے کہ عدالتوں کو تعزیر کے طور پر اب کوڑے لگانے کی سزا دینے کے بجائے قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں دینی چاہئیں۔سعودی عرب کی عدالتِ عظمیٰ نے اپریل میں ماتحت عدالتوں کے نظام میں ایک شاہی فرمان کے تحت کوڑوں کی سزا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔