رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے پر نیب افسر 28 مئی کو طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے شریف فیملی کی رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کیخلاف درخواست پر عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر نیب تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے 28 مئی کو نیب کے متعلقہ افسر کو جواب سمیت طلب کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے وکیل کو بھی مزید دلائل کیلئے طلب کر لیا۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی نیب کی طرف سے سید فیصل بخاری اور عاصم ممتاز پراسکیوٹرز پیش ہوئے۔ درخواست گذار وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ رمضان شوگر ملز کیخلاف کیسز نیب میں زیر التوا ہیں۔ ایس ای سی پی نیب میں کیسز ہونے کی وجہ شیئرز رجسٹرڈ نہیں کر رہا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ایس ای سی پی کو رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیا جائے۔