گراس روٹ سطح پر اقدامات اٹھائے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے، اعجاز الحق
اسلام آباد( اسپورٹس رپورٹر)عالمی کوالیفائڈ کراٹے ریفری اور اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجازالحق نے کہاہے کہ گراس روٹ سطح پر اقدامات اٹھائے بغیر ملک میں کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے بعد مارشل آرٹس کا کھیل ہے جو اس وقت مقبولیت اختیار کر رہا ہے ہر گلی اور کوچوں میں یہ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کھیلوں کا کوئی باقاعدہ سسٹم موجود نہیں ہے اور کھلاڑیوں کو اپنا مستقبل نظر آرہا جس کی وجہ سے کھلاڑی محنت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بھی کوئی بات نہیں کہ ہمارے کھلاڑی کسی سے کم ہوں، سعد عباس نے اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا ہے اور ایشین چمپئن بھی ہے اور اس طرح ہماری ایک کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کھلاڑی نرگس حمید نے ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ حاصل کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کو اس کھیل کے متعلق آگاہی ہونا بہت ضروری ہے جس کھیل میں وہ حصہ لے رہا ہے۔ اعجاز الحق نے کہاکہ کوچز کو کھیلوں میں اپنی من مانی نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی کھلاڑیوں کے ساتھ کوئی ذاتی انا کا مسئلہ بنائیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کراٹے کے کھیل میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے کوالیفائڈ کوچز کی ضرورت ہے اور کوالیفائیڈ کوچز کی کمی کے باعث پاکستان بین الاقوامی سطح پر وہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے ہیں جو اس وقت ہونے چاہئے تھے۔