دورہ انگلینڈ کا انتظام، 14 دن آرام پھر مسلسل کام
کراچی(اسپورٹس رپورٹر )ای سی بی پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈکا انتظام کرنے میں مصروف ہے،گرین کیپس14 دن آرام پھر مسلسل کام میں مصروف رہیں گے، انھیں نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنا پڑے گی، 3 ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کو صرف 28 دنوں کے اندر ’نمٹایا‘ جائے گا، طویل اور مختصر ترین طرز کے مقابلوں میں صرف 3 یا 4 دن کا وقفہ ہوگا، مہمان ٹیم کیلیے پریکٹس میچ کا اہتمام ایجبسٹن میں کیا جا سکتا ہے، ویسٹ انڈیز سے سیریز کی تصدیق کیلیے مذاکرات کا فیصلہ کن رائونڈ پیر کو متوقع ہے۔دوسری جانب کورونا وائرس سے بچائو کیلیے ’حفاظتی شیلڈ‘ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، خطرے کو کم سے کم رکھنے کیلیے ’کنٹیکٹ کلسٹر‘ قائم کیا جائے گا، میچ سے متعلقہ تمام افراد کو اپنے اپنے زون میں رہنا ہوگا، ایک ہی زون میں بیک وقت 2گروپس کے داخل ہونے پر سوشل ڈسٹنس کو یقینی بنایا جائے گا، مجموعی طور پر ایک میچ کے دوران اسٹیڈیم میں 300 کے قریب افراد موجود ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جولائی میں شیڈول ٹور کے حوالے سے انگلینڈ کو ابھی تک باضابطہ طور پر ’ہاں‘ نہیں کی مگر ملنے والے مثبت اشاروں نے انگلش بورڈ کو اپنے پلان کو حتمی شکل دینے کا موقع فراہم کردیا ہے۔ ٹور پر جانے کی صورت میں بظاہر پاکستان کے پاس کافی وقت ہوگا مگر اس میں سے 14 روز کھلاڑیوں کو ہوٹل میں آئسولیشن میں گزارنا ہوں گے۔