اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حکومت قومی اہمیت کے مسائل کے حل کیلئے حزب اختلاف کو ساتھ لیکر چلناچاہتی ہے۔انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم محاذ آرائی کے بجائے مفاہمت کی راہ اختیار کرناچاہتے ہیں۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ احتجاج کرناحزب اختلاف کاحق ہے اورحکومت اسے احتجاج سے نہیں روکے گی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے کہاکہ ذرائع ابلاغ کے شعبے میں روزگارکے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت جلدویج بورڈ ایوارڈ لائے گی اور پریس کلبوں کے لئے گرانٹس کو یقینی بنایاجائے گا تاکہ صحافی برادری کو تحفظ کااحساس فراہم کیاجاسکے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا ہائوسز کے زیرِ التواء بلوں کی ادائیگی صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط ہے۔ انہو ں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ان اشتہارات کی ادائیگی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جو انہیں عام انتخابات میں شکست دینے کے لئے بنائے گئے تھے۔معاون خصوصی نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جسے پاکستان کاتشخص اُجاگر کرنے اور ریاست کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ حکومت صحافیوں کورہائشی سہولت کی فراہمی کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں کوصحت کے بیمے کی فراہمی کے لئے وزارت صحت سے بھی مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے وزیر اعظم کے ہیلتھ پروگرام میں صحافیوں کیلئے صحت انصاف کارڈ شامل کیا جائے گا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024