پنجاب گورنمنٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کے الاٹیوں کی حالتِ زار
مکرمی! ایف ڈی اے سٹی فیصل آباد کے جن بلاکس میں ہمیں پلاٹ الاٹ کئے گئے ہیں ان کی ڈویلپمنٹ فوری طور پر کروائی جائے اور بجلی، پانی ، گیس، سیوریج کی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ہم ریٹائرڈ سرکاری ملازمین وہاں اپنے مکانات تعمیر کر سکیں۔ ڈویلپمنٹ چارجز کی ادائیگی اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے بعد چھ سال تک ان سہولتوں کی عدم فراہمی ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ 2004ء میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کی بنیاد رکھی جس کا مقصد پنجاب حکومت کے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو ان کے گریڈ کے مطابق تمام بڑے شہروں میں پانچ، دس مرلہ اور ایک کنال کے تعمیر شدہ مکانات فراہم کرنا تھا۔ چنانچہ فائونڈیشن نے قانون میں ترمیم کروا کر ریٹائر ہونے والے ملازمین کو مکان یا پلاٹ کے انتخاب کا اختیار دے دیا۔فائونڈیشن نے پلاٹ دینے کی غرض سے ہائوسنگ کالونیاں بنانے والے سرکاری اداروں جیسے آرڈی اے ، ایم ڈی اے اور ایف ڈی اے کے ساتھ معاہدے کئے اور ستمبر 2013ء میں فائونڈیشن کے ممبر ملازمین کو ڈویلپمنٹ چارجز کی وصولی کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹ الاٹ کر دئیے۔ میں حکومت کے اعلیٰ عہدیداران سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایف ڈی اے کے حکام کو پابند کیا جائے کہ وہ فوری طور پر ایف ڈی اے سٹی میں فائونڈیشن کے ممبران کومذکورہ سہولیات فراہم کریں۔ (پروفیسر (ریٹائرڈ) محمد فاروق قریشی ۔ 62 سی جوڈیشل کالونی فیز - 2 رائیونڈ روڈ لاہور)