شہرہ آفاق ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن جیت کر دوبارہ عالمی نمبر ایک بن گئے

مئی 21, 2018 | 21:31

ویب ڈیسک

شہرہ آفاق ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال ریکارڈ آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل جیت کر ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز ہو گئے ہیں۔اٹلی میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیگزینڈر زیوریف کو زبردست مقابلے کے بعد 6-1، 1-6 اور 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ نڈال نے آٹھویں مرتبہ ٹائٹل جیت کر نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے جبکہ یہ نڈال کے کیریئر کا 78واں اے ٹی پی ٹائٹل ہے۔اسطرح وہ زیادہ ٹائٹلز جیتنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جہاں انہوں نے جان میک اینروئے کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا جنہوں نے 77 اے ٹی پی ٹائٹلز جیت رکھے تھے۔جمی کونرز 109ٹائٹلز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ راجر فیڈرر 97ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے اور ایون لینڈل 94 ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔اس فتح کے ساتھ ہی نڈال نے عالمی درجہ بندی میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

مزیدخبریں