عمران خان نے شہباز شریف سے عوام کی خدمت کا سبق سیکھ لیا،پی ٹی آئی حکومت مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں کی افادیت سے متاثر ہو کر تقلید پر مجبور ہیں: ملک محمد احمد خاں
حکومت پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے شہباز شریف سے عوام کی خدمت کا سبق سیکھ لیا ہے۔ موٹروے پر تنقید کرنے والے خود سوات میں موٹروے بنارہے ہیں۔ پی ٹی آئی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ترقیاتی پروگراموں سے متاثر ہو کر تقلید کرنے مجبور ہوچکی ہے۔سڑکوں اور پلوں کو برا بھلا کہنے والے اب خودسڑکیں بنارہے ہیں اور لوگوں کو بتا رہے ہیں کیونکہ یہ عوامی فلاح وبہبود کا کام ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سوات موٹروے بنانے پر پھولے نہیں سما رہی ہے۔ہم اس بات پر خوش ہیں کہ خیبرپختونخواہ کے عوام کو سوات موٹروے بنانے پرمبارکباد پیش کرتے ہیں بالاخر پی ٹی آئی حکومت نے عوام کے لئے موٹروے کی افادیت کو تسلیم کر لیااور اپنے صوبے میں پہلی موٹروے بنا ڈالی۔ترجمان نے کہا کہ عمران خان اور ان کے احباب پنجاب میں سڑکیں،پل،اوورہیڈبرج اور انڈرپاسزبنانے پر تنقید کیا کرتے تھے۔عمران خان کہتے تھے کہ عوام کو قوم بنا دیں گے وہ قوم خود موٹروے بنا دے گی۔کیاعمران خان قوم بنا چکے ہیں؟عمران کہتے تھے کہ موٹروے فضول چیز ہے ہم پہلے ہسپتال اور سکول بنائیں گے کیا خیبرپختونخوا میں سارے ہسپتال اور سکول بن چکے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ لگتا ہے پی ٹی آئی نے شہباز شریف کی طرف سے عوام کی خدمت کا طریق کار سیکھنے کی دعوت قبول کرلی ہے۔دیر آئید درست آئید کے مصداق عوام کی فلاح وبہبود کے لئے پی ٹی آئی حکومت کا موقف تبدیل کرنا اور شہباز شریف کی تقلید کرنا مثبت اقدام ہے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سینکڑوں سکول،کالج،یونیورسٹیاں اور ہسپتال بنائے اور پی ٹی آئی والے بتائیں کہ انہوں نے خیبرپختونخوا میں کتنے ہسپتال،کتنے سکول اور کتنی یونیورسٹیاں بنائیں۔خیبرپختونخوا میں مواصلاتی انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے سیاحت زوال پذیر ہے تاہم پی ٹی آئی کو عوامی خدمت اور فلاح وبہبود کا کام شروع کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں اور صوبہ سڑکوں،پلوں اوورہیڈبرجز کی تعمیر کے لئے تعاون کی پیش کش بھی کرتے ہیں۔خیبرپختونخوا حکومت کو حکومت پنجاب کے ماہرین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔