بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی تین دن میں کرناٹک کی وزارت اعلیٰ کھوبیٹھی
نئی دہلی (این این آئی)بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو بڑا سیاسی دھچکا لگ گیا،کرناٹک کے ریاستی انتخابات میں بڑی جماعت بن کر ابھرنے والی بی جے پی کے نو منتخب وزیراعلیٰ بی ایس یدیورپا نے تین دن بعد ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 222 میں سے 104 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس78 اور جنتا دل 36 نشستوں پر کامیاب رہی۔گورنر نے اکثریتی جماعت کو اقتدار سنبھالنے کی دعوت دی جس پر بی جے پی نے وزارت اعلیٰ کیلئے بی ایس یدیورپا کواپنا امید وار بنایا۔انہوں نے اپنے عہدے کاحلف بھی اٹھالیا تھا۔ریاستی اسمبلی کی 224 میں سے 222 نشستوں پر الیکشن ہوئے جبکہ 221 امیدوار کامیاب ہوکر اسمبلی میں پہنچے ۔جنتادل کے ایچ ڈی کمارسوامی دو نشستوں پر فاتح قرار پائے ، انہیں ان میں سے ایک نشست چھوڑنا پڑے گی جس کے بعد چند روز میں ریاستی اسمبلی کی3 نشستوں پر الیکشن ہوں گے ۔سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ بی ایس یدیورپا کے لئے عدم اعتماد کے ووٹ کی اجازت اس لئے دی کہ حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے عدالت کو بتایا کہ بی جے پی کو اسمبلی میں درکار آئینی حمایت حاصل نہیں ہے ۔بی ایس یدیورپا نے ااسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنا تھی لیکن پولنگ کے آغاز سے قبل ہی انہوں نے استعفیٰ کا اعلان کردیا اور کہا کہ وہ ریاستی اسمبلی میں اکثریت ثابت نہیں کرپائیں گے۔