سبزی منڈی‘ رمضان بازاروں میں اشیاء کی ترسیل پر نظر رکھے ہوئے ہیں: ڈی سی
ملتان(خبر نگار خصوصی ‘ کرائم رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ضلعی انتظامیہ سبزی منڈی سے رمضان بازاروں تک اشیائے خوردونوش کی ترسیل پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں ریکارڈ مقدار میںچینی ، آٹا، دالیں اور بیسن سمیت دیگر اشیاء ضروریہ فروخت ہورہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی اور بعدا زاں مختلف رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی مبشرالرحمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی راؤ ندیم اصغر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جہاد شروع کررکھا ہے روزانہ کی بنیادپر چھاپے مارکر گودام اور مکانات کو سیل کیاجا رہا ہے تاکہ مارکیٹ میں طلب اور رسد کا نظام متوازن رہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اعلیٰ معیار کی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کے لئے تمام بازاروں میں ایگری کلچر فیئر پرائس شاپس قائم کی گئیں ہیں جہاں کھجور ، بیسن ، چنا ، دالوں اور پھلوں پر خصوصی سبسڈی فراہم کی گئی ہے ۔کرائم رپورٹر کے مطابق ڈی سی زاہد سہیل نے ڈی ایس پی مظفر آباد فیاض سنپال کے ہمراہ سبزی منڈی کا دورہ کیا اس موقع پر سبزی منڈی میں انتظامات چیک کئے گئے ڈی ایس پی فیاض سنپال نے پولیس چوکی پر جا کر اہلکاروں کو منڈی میں گشت کرنے کی ہایت کی اور ریٹ لسٹ کو بھی وقتاً فوقتاً چیک کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔