رمضان اخوت و بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے، راجہ الطاف قادر
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) یونین کونسل 91 گرجا کے چئیرمین راجہ الطاف قادر نے کہا ہے کہ رمضان اخوت و بھائی چارے اور باہمی رواداری کا درس دیتا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ رمضان کے دوران صدقات خیرات اور زکواۃ کی ادائیگی کیلئے لوگ صحیح معنوں میں اپنے ارد گرد موجود مستحقین کا انتخاب کریں اور کسی غیر مستحق کو حقدار کا حق مارنے نہ دیں ۔ رمضان المبارک کے دوران ایسی ایسی تنظیمیں اور لوگ بھی زکواۃ جمع کرنا شروع کر دیتے ہیں جنہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر بڑی امداد ملتی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ یہ تنظیمیں مقامی مستحق لوگوں کا حق مارنے کی مرتکب ہوتی ہیں کیونکہ ان کی اشتہار بازی اور موثر رابطوں سے مخیر لوگ اپنی زکواۃ اور صدقات ان کو دے دیتے ہیں اور صدقات دینے والوں کے ارد گرد انتہائی مستحق اور نادار لوگ اپنی خاموشی اور عزت نفس کی پامالی کے خوف کے باعث محروم و مجبور رہ جاتے ہیں ۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے ارد گرد مستحقین کا خصوصی خیال رکھا جائے۔