حکمرانوں نے بیرونی قوتوں کے دبائو پر ملک کو غلامی میں دھکیل رکھا ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے لیکن حکومت کو معلوم ہی نہیں کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے، حکمرانوں نے بیرونی قوتوں کے دبائو کی وجہ سے ملک کو غلامی میں دھکیل رکھا ہے۔بھارتی آرمی چیف نے کشمیر میں اپنی شکست کا اعتراف کرلیا، کشمیریوں کے لیے مایوسی کی کوئی بات نہیں، کامیابی مسلمانوں کا مقدر بنے گی۔ اللہ تعالیٰ حالات مسلمانوں کے حق میں بہتر کر رہا ہے۔ اسلام دشمن ملک مسلمانوں کی قربانیوں سے خوفزدہ ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی مسلمانوں کی بیداری روکنے کے لیے ہے۔ ان حالات میں ہمیں اپنے کردار کا تعین کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سخی حسن چورنگی کراچی میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن قاسم سے شہاب الدین غوری تک‘ برصغیر کے لیے بڑی قربانیاں دی گئیں، کشمیر میں قربانیوں سے برصغیر کا نقشہ پھر بدل جائے گا۔ آج مسلمان اپنے قدموں پر کھڑے ہوکر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ آج مقبوضہ بیت المقدس میں جتنے مسلمان شہید ہورہے ہیں کل ان کی اولادیں یہودیوں اور صلیبیوں سے بدلہ لیں گی۔ نیٹو ممالک کو افغانستان میں جس طرح شکست ہوئی اس سے زیادہ بری شکست انہیں بیت المقدس میں ہوگی۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ سارے نظام ایک طرف اور مسلمان ایک طرف کھڑے ہیں۔ عالم اسلام کے مسلمانوں میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ آج وقت آگیا ہے کہ مسلمان متحد ہوکر اپنے مسائل خود حل کریں۔ بھارت متنازع ڈیموں کے ذریعے پاکستان کا ستر فیصد پانی روک چکا ہے۔ ہماری زرعی زمینیں بنجر ہوچکی ہیں اور انڈیا ہمارے ہی پانی سے بجلی اور زراعت میں اضافہ کر رہا ہے۔