بھکھی پاور پلانٹ کا افتتاح اور ترقی کے سفر میں پنجاب کا پہلا نمبر
بھکھی پاور پلانٹ سے پیداوار شروع۔ زرداری نے اندھیرے دئیے، دھرنوں سے معیشت کو نقصان پہنچا ترقیاتی منصوبے لیٹ ہوئے۔ پانچ برسوں میں غیر معمولی کام کئے۔افتتاحی تقریب سے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا خطاب۔ ترقی میں پنجاب پہلے سندھ دوسرے خیبر پی کے تیسرے نمبر پر ہے۔ یو این ڈی پی کی رپورٹ۔
توانائی کی قلت دور کرنا اور بجلی کی بہم فراہمی اگرچہ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مگراس شعبہ میںبھی حکومت پنجاب جس طرح مرکز کا ہاتھ بٹا رہی ہے اور توانائی کی قلت پر قابو پانے اور اس کی فراہمی میں اضافہ کے لئے دن رات کوشاں رہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز بھکھی کے 1180 میگاواٹ پاور پلانٹ کو مکمل فعال کرنے کا افتتاح کیا۔ یہ اپنی نوعیت کا جدید ترین گیس ٹیکنالوجی پاور پلانٹ ہے اس کی تعمیر میں 39 ارب روپے کی بچت کی گئی۔ اس وقت پنجاب میں مکمل ہونے والے بجلی کے منصوبوں کی بدولت 10 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جس سے پورے ملک کو بھی بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ بے شک سیاسی افراتفری دھرنوں اور سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی اور قومی معیشت کو بھی نقصان پہنچا۔ مگر مرکزی اور پنجاب کی حکومت توانائی کے بے قابو بحران اور معاشی بدحالی پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیاب ہوئی ہیں۔ جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔ اب اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ڈی پی نے پاکستان نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ کی جو رپورٹ شائع کی ہے اس میں اعلیٰ انسانی ترقی کے لحاظ سے جو 6 اضلاع شامل ہیں ان میں سے 4 پنجاب کے ہیں۔ یوں انسانی ترقی اور معاشی ترقی کے ساتھ تعلیم، صحت کے میدان میں بھی پنجاب پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ الیکشن میں نوجوانوں کا ووٹ وننگ ہو گا۔اس میدان یعنی یوتھ ڈویلپمنٹ میں بھی پنجاب سرفہرست ہے۔ ان تمام کامیابیوں کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب کے سر جاتا ہے۔ جو دن رات صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ جس کا مثبت اثر آنے والے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اٹھاسکتی ہے۔