بیرون ملک جانیوالوں کیلئے پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ تیار، صوبوں کو بھجوانے کی منظوری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے بیرون ملک سفر کیلئے پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ کا ڈیزائن تیار کر لیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے انسداد پولیو ویکسین کارڈ کے ڈیزائن کی منظوری دیدی۔ وفاق کا ڈیزائن کردہ ویکسین کارڈ ہی غیرملکی سفر کیلئے قابل قبول ہو گا۔ پہلے مرحلے میں ساڑھے 3 لاکھ کارڈز کی چھپائی مکمل ہو گئی۔ سیکرٹری قومی صحت نے کارڈ صوبوں کو بھیجنے کی منظوری دی۔ دوسرے مرحلے میں مزید ساڑھے 6 لاکھ کارڈز کی چھپائی مکمل کی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں پنجاب اور سندھ کو ایک ایک لاکھ کارڈ بھیجے جائیں گے۔ خیبر پی کے کو 20 ہزار، بلوچستان اور گلگت بلتستان کو 10 ہزار کارڈ ملیں گے۔ حکومت پہلے مرحلے میں پاک فوج کو 60 ہزار ویکسین کارڈ فراہم کریگی۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس کیلئے حکام کو 30 ہزار پولیو ویکسین کارڈ ملیں گے۔