جمہوریت امن کی ضامن اور انسانی حقوق کی محافظ ہے: پرویز رشید
اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جمہوریت نہ صرف امن کی ضامن ہے، انسانی حقوق کا تحفظ بھی کرتی ہے، پاکستان سویڈن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک میں پارلیمانی جمہوریت اور متنوع معاشرہ جیسی مشترکہ اقدار موجود ہیں، حکومت خواتین کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم نواز شریف زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ پاکستان کا آئین بھی اس کی ضمانت دیتا ہے۔ وہ منگل کو سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر پیر ویسٹر برگ کی سربراہی میں ملنے والے سویڈش پارلیمانی وفد سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ پارلیمنٹ میں صنفی مساوات کو یقینی بنانے اور خواتین کے تحفظ کے لئے قانون سازی کے متعدد اقدامات بھی کئے ہیں۔ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں آزاد میڈیا اور فعال سول سوسائٹی لوگوں میں ان کے حقوق اور فرائض کے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ موجودہ جمہوری حکومت نے انسانی حقوق سے متعلق بین الاقوامی این جی اوز کے ساتھ مفاہمت کے متعدد سمجھوتے کئے ہیں۔ ہم بین الاقوامی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ پرویز رشید نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون پر مبنی وسیع البنیاد، مضبوط اور طویل المدتی تعلقات چاہتا ہے۔ اس موقع پر سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت سے متعلق وفاقی وزیر کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھیں گے۔ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں جمہوریت مزید پھلے پھولے اور مضبوط ہو۔ وفاقی سیکرٹری قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر ظفر اﷲ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سویڈن کے پارلیمانی وفد نے داخلہ امور کے وزیر مملکت بلیغ الرحمن کے ساتھ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سویڈن کے سپیکر نے قومی اسمبلی میں پاک سویڈن فرینڈ شپ گروپ کے ارکان سے بھی ملاقات کی انہوں نے کہا کہ ان کا ملک عوام کے درمیان رابطے اور اقتصادی تعاون بڑھا کر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے سویڈن کے وفد نے خواتین کے پارلیمانی گروپ کی ارکان سے بھی ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پرویسٹر برگ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کیساتھ دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور ان میں فروغ کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ نے دونوں پارلیمانوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جن اراکین پارلیمنٹ نے میٹنگ میں شرکت کی ان میں مریم اورنگزیب، فرحانہ قیصر، آسیہ ناز تنولی، قیصر احمد شیخ، زاہرہ ودود فاطمی، روبینہ خورشید عالم اور ملک محمد اوزیر بھی شامل تھے۔