جمہوریت کو شدید خطرات ہیں حکمران ہوش کے ناخن لیں: شیخ رشید
لاہور (وقائع نگار خصوصی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہیں حکمران ہوش کے ناخن لیں آئی ایس آئی سے محاذ آرائی ٹھیک نہیں۔ تحریک انصاف کی طرف سے پیش کئے گئے 4 میں سے ایک حلقے میں بھی دھاندلی ثابت ہو گئی تو جمہوریت ڈگمگا جائیگی۔ آمریت میں ایک خاکی وردی والا جبکہ جمہوریت میں شرٹ کے اندر وردی والا حکمرانی کرتا ہے۔ حکومت کو کسی اور سے نہیں اپنے آپ سے خطرہ ہے ان کی خواہش ہے کہ جمہوریت زندہ رہے۔ ملک چاروں اطراف سے پھنسا ہوا ہے۔ ایک سازش کے تحت فوج اور آئی ایس آئی کو ٹارگٹ کیا گیا مگر خوش قسمتی سے بین الاقوامی طاقتوں کی سازش ناکام رہی۔ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار کے جنرل ہائوس سے ’’استحکام جمہوریت اور وقت کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں فرانسیسی، امریکن اور مڈل ایسٹ کی طرز کی جمہوریت نہیں بلکہ ایک وکھری ٹائپ کی جمہوریت ہے اور میں دعوے سے یہ بات کہتا ہوں کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اور کوئی بھی سیاسی لیڈر ایسا نہیں جو آمریت کی نرسری سے پڑھ لکھ کر نہ آیا ہو لیکن موجودہ جمہوریت اصلی جمہوریت ہے۔ حکمرانوں نے ریکارڈ قرضہ لیا جو عوام نے اتارنا ہے۔ اگر موجودہ حکومت 20 میں سے 10لاکھ نوجوانوں کو ہی روزگار دے دیتی تو جمہوریت کو استحکام ملتا یہ لیپ ٹاپ دینے سے کام نہیں چلے گا اور مجھے خدشہ ہے کہ کہیں حکومت کل نوجوانوں کو ہیئر ڈرائیر اور لپ سٹک ہی نہ دینا شروع کر دے۔ میرے استعفیٰ کیلئے ڈالر 98روپے تک لایا گیا جس سے 800 ملین کی تجارت کم ہوئی 5فیصد ریونیو کم ہوا۔ وزیراعظم نوازشریف نے ایسے شخص کو پی آئی اے کا سربراہ بنا دیا جس کا کورٹ مارشل ہو چکا ہے اور اس کی تعلیمی صلاحیت پر بھی سوالیہ نشان ہیں۔ اس وقت پاکستان مسائل سے گھرا ہوا ہے ایک طرف نریندر مودی ہے تو دوسری طرف عبد اللہ عبداللہ تیسری جانب حسینہ واجد ہے اور چوتھی جانب ایک دشمن اور پیدا کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہیں اور ہمیں اس خطرے سے باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے وکلاء کو 20جون کو ہونے والے لاہور ٹرین مارچ میں بھی شرکت کی دعوت دی۔