ملک کی سالمیت پر مفاہمت کسی پاکستانی کو قبول نہیں: عدنان حسین
کراچی (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین کے صاحبزادے عدنان حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر مفاہمت کسی پاکستانی کو قبول نہیں، طالبان کیساتھ حکومتی مذاکرات دراصل ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے ہے۔ کراچی میں ہر کوئی اپنی حاکمیت قائم کرنا چاہتا ہے اسی لئے یہاں مسائل کا پہاڑ ہے لیکن صدر پاکستان کی کوشش ہے کہ کراچی میں امن قائم ہو اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو، بھتہ خوری ایک وائرس ہے جو ہر کسی کو لگ رہا ہے جہاں سے یہ وائرس شروع ہوا ہے اس کا علاج کئے بغیر اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت کی نئی سرکار سے پاکستان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ وہ گذشتہ روز خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ عدنان حسین نے کہا کہ طالبان بھی پاکستان کے شہری ہیں اور دہشت گردی میں جاں بحق ہونیوالے بھی پاکستانی ہیں تو پھر نقصان کس کا ہو رہا ہے یہ بھی سوچنا چاہئے۔