پلازہ، گھر اور جنرل سٹور میں آتشزدگی، لاکھوں کا سامان جل گیا
لاہور (نامہ نگار) پلازہ، گھر اور جنرل سٹور میں آتشزدگی سے لاکھوں مالیت کا سامان جل گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقہ میں لبرٹی مارکیٹ میں کیپری ہوٹل اور پلازہ کی پانچویں منزل پر کپڑے کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس سے خوف وہراس پھیل گیا۔ قرب وجوار کی عمارتوں سے لوگ باہر نکل آئے۔ ریسیکو 1122 نے فائر وہیکلز کی مدد سے پونے گھنٹے میں آگ پر قابو پایا۔ دریں اثناء اسلام پورہ کے علاقہ غنی روڈ باؤ محلے میں ایک گھر جبکہ کوٹ لکھپت میں ایک جنرل سٹور میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا ۔ رنگ روڈ پرداروغہ والا انٹر چینج کے قریب ایک کار میں وائرنگ میں شارٹ سر کٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔