معیاری تعلیم ‘ سرکاری اسکول مخلص فلاحی اداروں کے تعاون سے چلانے کا اعلان

Mar 21, 2025

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے اپنے اسکولوں کی عمارتیں حقیقی اور مخلص فلاحی تنظیموں کے حوالے کرنے کی تجویز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے تاکہ پسماندہ خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ یہ اعلان صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اور توانائی، سید ناصر حسین شاہ نے فاطمہ جناح روڈ پر واقع قائداعظم ہاؤس میوزیم میں *الفرقان ویلفیئر آرگنائزیشن کی 13 سالہ تعلیمی خدمات کے جشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایسے قوانین منظور کیے ہیں جو مستند غیر سرکاری تنظیموں کو صحت اور تعلیمی ادارے اپنانے اور انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی اجازت دیتے ہیں تاکہ پسماندہ طبقے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔  ناصر حسین شاہ نے مخلص فلاحی تنظیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ان اداروں کی بھرپور مالی معاونت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں سولر پینلز کی تنصیب کے عمل کو بھی تیز کرے گی تاکہ ان کے بجلی کے اخراجات کم کیے جا سکیں۔ وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ حکومت مستند این جی اوز کو سرکاری اسکولوں کی عمارتیں دینے کی تجویز کی حمایت کرتی ہے تاکہ تعلیمی مقاصد کے لیے ان کا بہترین استعمال ممکن ہو۔الفرقان ویلفیئر آرگنائزیشن کی بانی و صدر، روبینہ فریال آصف نے بتایا کہ ان کے ادارے کے زیر انتظام 16 اسکول چل رہے ہیں ۔ اگلے پانچ سالوں میں اپنے اسکولوں کی تعداد 50 تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ 10,000 مزید اسکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر انہیں سرکاری اسکولوں کی کشادہ عمارتیں فراہم کر دی جائیں تو وہ اس ہدف کو جلد حاصل کر سکتے ہیں۔ تقریب میں سندھ کے وزیر برائے ماہی گیری و لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی اور معروف اداکار بہروز سبزواری نے بھی شرکت کی ۔

مزیدخبریں