پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ کورونا جیسے وبائی مرض سے لڑنے کے لیے دنیا کو اکھٹے ہونے کی ضرورت ہے۔دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا وائرس کوویڈ 19 سے انسانی اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔مشہور و معروف شخصیات بھی اس عالمی وبا کے مزید پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے مختلف پیغامات شیئر کررہی ہیں ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر معروف اداکارہ صبا قمر نے اپنی ایک تصویر کے ساتھ تفصیلی پیغام شیئر کیا ہے جس میں وہ دنیا بھر کے لوگوں سے مخاطب ہیں ۔صبا قمر نے اپنی تفصیلی پوسٹ میں اس جان لیوا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی تعریف کی اور ساتھ ہی ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی تاکید بھی کی۔انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیاری دنیا ! ہم ایک ایسی صورتحال میں ہیں کہ جہاں ہمیں اس وبائی مرض سے لڑنے کے لئے اکٹھے ہونے کی اشد ضرورت ہےم کوویڈ 19تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔‘صبا قمر کا کہنا تھا کہ اس وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے معاشرتی تنہائی اختیار کر کے ہم انسانیت پر بہت بڑا احسان کرسکتے ہیں ، کیونکہ اس جان لیوا وائرس سے ہمیں خود نہیں بلکہ اپنے جیسے دوسرے لوگوں کو بھی بچانا ہے۔گھروں پر محصور ہوئے غریب اور محتاج لوگوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے صبا قمر نے کہا کہ ایسی صورتحال میں غریب اور نادار لوگوں کو فراموش نہ کریں، ایسے لوگوں کے لیے بہت خطیر نہیں تو خصیص رقم ضرور عطیہ کریں، تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کو دیگر سنگین مسائل سے بچا سکیں ۔صبا نے دنیا بھر میں کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹرز کو بھی ان کی بیش بہا خدمات اور کاوشوں پر سراہا اور کہا کہ آپ بھی معاشرتی تنہائی اختیار کر کے اور اپنے گھروں پر بیٹھ کر ان ڈاکٹرز کی دشواریوں میں آسانی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ذرا سی احتیاط ہمیں بڑے مسائل اور پریشانی سے بچا سکتی ہے۔آخر میں انہوں نے مداحوں کو گھر میں بیٹھ کر مصروف رہنے کے چند گُر بھی بتائے اور کہا کہ وہ خود بھی ان پر عمل پیرا ہیں ۔
1: باقائدگی سے ہاتھ دھوئیںاور نہائیں ۔
2: عبادت کریں ، یوگا بھی کیا جا سکتا ہے۔
3: فلمیں یا سیزن دیکھی۔
4:یوٹیوب سے معلوماتی ویڈیوز دیکھ کر نئی چیزیں سیکھیں۔
انہوں نے لکھا کہ یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ وبائی مرض سے ایک ساتھ لڑ کر ہی ہم اسے شکست دے سکتے ہیں، انشاءاللّہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان میں کوویڈ 19 سے متاثرہ مریضوں کی مصدقہ تعداد 504 ہے۔