شیخ عبدالقادر عیسیٰ تحریر فرماتے ہیں ،ذکر دل کی صفائی اس کی بیداری اور اس کو اپنے رب کے ساتھ اُنسیت کا عادی بنانے اس کی مناجات میں مشغولیت اوراس کے قرب کا انتہائی مئوثر ذریعہ ہے۔مومن کے لیے ضروری ہے کہ وہ خلوت میں ذکر کے لیے وقت مختص کرے اورقبل از ذکر اپنے نفس کا محاسبہ کرے اور اپنے عیوب اورخطائوں پر غور وفکر کرے ۔اگر اسے کوئی گناہ نظر آئے تو توبہ کرے،اگر کوئی عیب نظر آئے تو اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ذاکر کو چاہیے کہ صفات کاملہ کا جامع ہواگر وہ بیٹھ کر ذکر کر رہا ہے تو اسے چاہیے کہ قبلہ رخ ہوجائے اپنے سرکو جھکا کر بڑے سکو ن اوروقار کے ساتھ بحالت عاجزی وانکساری ذکر کرے ۔اگر اس حالت کے علاوہ کسی اور حالت میں ذکر کرتا ہے تو یہ بھی جائز ہے اور اس میں کوئی کراہت نہیں ہے۔اسی طرح مجلسِ ذکر صاف اورشوروغل سے خالی ہوکیونکہ یہی ذکر اور مذکور کے اہتمام کے لیے موزوں ہے۔
اسی وجہ سے مساجد اور بابرکت مقامات میں ذکر کی مدح کی گئی ہے۔اس طرح ذاکر کا منہ بھی صاف ہونا چاہیے جب اس کی ظاہری صفائی اورنظافت مستحب ہے تو دل جب کہ رب کی نظر کرم کا محل ہے،اس کی صفائی زیادہ اہم ہے۔دل کو حسد ،بغض ،کینہ ،رقابت ،بخل ،تکبر ،ریاکاری ،دنیاوی روابط اور مشاغل ایسی نجاسات سے پاک کرنا ضروری ہے۔تاکہ وہ رب تعالیٰ کی ہم نشینی کا اہل ہوسکے اور فیوضات ربانیہ سے مسفید ہوتا رہے ۔
ذکر تمام احوال میں محبو ب وپسندیدہ ہے اور ذکر سے مراد حضور قلب ہے۔ذاکر کو چاہیے کہ وہ اس بات کا خیال رکھے اور ذکر کے معنی میں غور وفکر کرے اگر وہ استغفار کر رہا ہے تو اسے چاہیے تو وہ دل سے اللہ تعالیٰ سے توبہ اور مغفرت کا طالب ہو اور اگر وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھ رہا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اپنے قلب میں جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت کو اجاگر کرے اگر وہ لاالہ الا اللہ کا ذکر کر رہا ہے تو اللہ تعالیٰ سے دور کرنے والی ہر شے کی نفی کرے۔
اگر کسی وجہ سے حضور قلب کی کیفیت پوری طرح میسر نہ ہو تو پھر بھی ذکر کو ترک نہیں کر نا چاہیے بلکہ اپنی زبان سے ذکر الہٰی کو جاری رکھنا چاہیے اگر لسانی ذکر بھی ترک کردیا جائے تو زبان غیبت، چغل خوری گالی گلوچ اور اس طرح کے دیگر گناہوں میں مبتلا ہوجاتی ہے۔
ابن عطاء سکندری فرماتے ہیں ،ذکر میں دل حاضر نہ بھی ہو تو اسے ترک نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ذکر سے بالکل ہی غافل ہوجانا زیادہ نقصان دہ ہے،(تجھے کوشش جاری رکھنی چاہیے)ممکن ہے اللہ تعالیٰ تجھے غفلت والے ذکر سے بیداری کے ذکر سے حضور قلب کی طرف اور پھر حضور قلب سے ایسے ذکر کی طرف منتقل کردے جس میں اللہ کے سواء کسی اور چیز کا تصور تک نہ ہواور ایسا کرنا خدا کے لیے مشکل نہیں ہے۔(ایقاظ الھمم: علامہ ابن عجیبہ )
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024