سینیٹر سراج الحق دوسری بار جماعت اسلامی پاکستان کے امیر منتخب ہوگئے، ان کے موجودہ عہدہ کی معیاد 8 اپریل2019 کو ختم ہورہی تھی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی مجلس شوریٰ نے انہیں آئندہ پانچ سال کیلئے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کرلیا ہے، انتخابی نتائج کا اعلان الیکشن کمشنر اور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کیا۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے دیگر چارممبران میں سے دو ممبران مولانا عبدالحق اور بلال قدرت بٹ بھی موجود تھے۔ جبکہ الیکشن کمیشن کے رکن ڈاکٹر سید وسیم اخترخرابی صحت اور محمد حسین محنتی کراچی میں اپنی مصروفیات کے باعث پریس کانفرنس میںنہ پہنچ سکے۔ الیکشن کمشنر اسد اللہ بھٹو نے بتایا کہ امیر جماعت کے انتخاب کیلئے مرکزی مجلس شوریٰ نے سینیٹر سراج الحق، لیاقت بلوچ اور پروفیسر ابراہیم سمیت تین نام تجویز کیے تھے۔ مجلس شوریٰ کے ارکان نے اکثریتی ووٹوں سے سینیٹر سراج الحق کو دوبارہ امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی مجلس شوریٰ کے ارکان کی کل تعداد39124 ہے جن میں 34266 مرد اور4858 خواتین ارکان شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ابھی تک الیکشن کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تاہم جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کا منتخب کردہ الیکشن ٹربیونل موصول ہونے والی شکایات کی 30دن تک سماعت کرسکے گا۔ اسد اللہ بھٹو نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے امیر کا انتخاب خلفائے راشدین کے نظام کی طرز پر ہوتا ہے، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے قیام کے بعد ان کے پہلے امیر مولانا مودودی تھے ان کے بعد میاں طفیل محمد، پھر قاضی حسین احمد اور ان کے بعد سید منور حسن جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوئے۔2014ء میں سینیٹر سراج الحق امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہوئے جنہیں مجلس شوریٰ نے اب دوبارہ آئندہ پانچ سال کیلئے امیرجماعت اسلامی پاکستان منتخب کرلیا ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر جماعت اسلامی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38