پاکستان نے دنیا کے خوش ملکوں کے انڈیکس میں بھارت کو مات دیتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی رینکنگ میں 8درجے کی بہتری حاصل کی جبکہ بھارت مزید تنزلی کا شکار ہوا۔اقوام متحدہ سے منظور شدہ ادارے کے مطابق خوش ممالک کی سالانہ رپورٹ میں فن لینڈ ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ دنیا کے خوش اور آسودہ ملک کا درجہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔اس رپورٹ میں 156ملکوں کا جائزہ لیا گیا اور فی کس آمدنی، متوقع زندگی، سماجی مدد، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھ کر ملکوں کی رینکنگ کی گئی۔فہرست میں ڈنمارک، ناروے اور آئس لینڈ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے جبکہ افریقی ملک سوڈان کا آخری نمبر رہا۔پاکستان دنیا کے ان 20ملکوں میں شامل رہا جن کی رینکنگ میں سب سے زیادہ بہتری آئی اور وہ اپنے تمام پڑوسی ملکوں کے مقابلے میں ایک مرتبہ پھر سب سے خوش اور آسودہ ملک قرار پایا۔پاکستان نے گزشتہ سال 75ویں نمبر کے مقابلے میں اس سال 8درجے ترقی کی اور 67ویں پوزیشن حاصل کی جہاں اس کے مقابلے میں بھارت کا 140واں نمبر رہا۔اس فہرست میں پاکستان نے دوست ملک چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو 93ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ایران 117، عراق 126، بنگلہ دیش 125اور افغانستان 154 نمبر پر موجود ہے۔جن 20ملکوں نے فہرست میں سب سے زیادہ ترقی حاصل کی ان میں فلپائن کے ساتھ ساتھ یورپ، افریقہ اور لاطینی امریکا کے ممالک شامل ہیں۔اسی طرح فہرست میں جو 20ملک سب سے زیادہ تنزلی کا شکار ہوئے ان میں بھارت، ملائیشیا، وییزویلا، یوکرین کے ساتھ ساتھ مشرق وسطی، مغربی یورپ اور افریقہ کے ممالک شامل ہیں۔ساتویں سالانہ خوشی ملکوں کی رپورٹ میں خیرات و عطیہ کرنے اور لوگوں کی جانب سے رضاکارانہ خدمات انجام دینے جیسے عوامل کو بھی خصوصی جگہ دی گئی جہاں پاکستان سے 32.8افراد نے کہا کہ وہ چیریٹی یا عطیات دیتے ہیں جبکہ 14.2فیصد افراد نے کہا کہ وہ ہر 30دن میں ایک مرتبہ رضاکارانہ خدمات انجام دیتے ہیں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024