حکومت پیپر اینڈپیکجنگ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرے :خواجہ شہزادناصر
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پیپر اینڈ پیکجنگ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے کیونکہ بجلی، گیس اور اب کاغذ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اس اہم شعبے کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کاروگیٹڈ کارٹن ایسوسی ایشن لاہور زون کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی سربراہی عدنان خالد بٹ کررہے تھے جبکہ ارشد بیگ، شاہد بیگ، خامس سعید بٹ، نعیم حنیف اور پیپر اینڈ پیکیجنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد اجلاس میں شریک تھی۔