کثیر المنزلہ عمارتوں کے فروغ کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگی ضروری ہے:آمنہ عمران
لاہور ( نیوزرپورٹر) وزیراعظم پاکستان کے ویڑن کے تحت شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے تعمیراتی قواعد کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ شہر کی افقی سمت میں گروتھ کے لئے عمارتوں کی سٹرکچرل سٹیبلٹی یقینی بنانے اورکثیرالمنزلہ عمارتوں میں فائر فائٹنگ، سیفٹی، پلمبنگ اور بجلی کا نیٹ ورک بھی جدید دور کی ضروریات کے مطابق بنایا جائے۔اس کے علاوہ ضرورت کے مطابق پارکنگ کی سہولت مہیا کرنے،ٹریفک رواں دواں رکھنے اور ان عمارتوں کو مختلف شہروں کے موسمی حالات کے مطابق ماحول دوست بنانے کی ضرورت ہے۔ان امور پر تفصیلی تبادلہ خیال گزشتہ روزلاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان کی قیادت میں ایل ڈی اے کے پانچ رکنی وفد کی پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا گیا۔