سابق ایس ایس پی راؤانوارکو اسلام آباد سے کراچی منتقل کر دیا گیا, سکیورٹی وجوہات کے باعث راؤ انوار کی کراچی منتقلی کو خفیہ رکھا گیا
سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو شام کی فلائٹ سے کراچی روانہ کرنے کے لیے انتہائی سکیورٹی حصارمیں وفاقی دارالحکومت کے ڈپلومیٹک انکلیو سے بینظیر ایئرپورٹ لایا گیا جہاں اسے نجی پرواز این ایل ون ٹو سکس کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی منتقل کیا گیا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظرحکام نے نجی ایئرلائن کی ٹکٹ بک کی۔ وقت نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق نجی ایئرلائن کی پرواز شام سات بجے کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔ سکیورٹی وجوہات کے باعث پولیس کی جانب سے راؤانوار کی کراچی منتقلی کو خفیہ رکھا گیا۔ راؤانوار کی روانگی کے وقت عام مسافروں کو ڈومیسٹک لاؤنج میں داخلے سے روک دیا گیا جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ راؤ انوار کو پولیس کی سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ لایا گیا۔