سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کیلئے درخواست دینے کا کل آخری دن
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کیلئے درخواست دینے کا کل (جمعرات کو)آخری دن ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سینیٹراعظم سواتی تاحال اپنی درخواست جمع نہیں کرواسکے ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی طرف سے اراکین سینیٹ سے 22مارچ تک اپوزیشن لیڈر کے عہدے کیلئے درخواستیں مانگی گئیں تھیں ۔پیپلزپارٹی کی امیدوار شیری رحمان نے آغازہی میں درخواست چیئرمین سینیٹ کے سپرد کردی تھی جبکہ سینیٹر اعظم سواتی کی تاحال درخواست نہیں آسکی ۔ توقع ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار آج یہ درخواست جمع کروا دیں گے ۔قواعدوضوابط کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے 15روز میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کرنی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ کی آج اسلام آباد آمد متوقع ہے، اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کیلئے ضروری کارروائی آج شروع ہوجائے گی ۔درخواست جمع کروانے کا وقت گزرنے پر چیئرمین سینیٹ کواپوزیشن لیڈر کیلئے باضابطہ طور پر فائل بھجوا دی جائے گی ۔