فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مِلک شاپ دوبارہ سیل، مالک کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیل کئے گئے ملک پوائنٹ کو ڈی سیل کرنے کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے مغل پورہ میں معروف ملک شاپ کو دوبارہ سیل کر دیا۔ 2 ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف کرتے ہوئے تمام مشنری کو ضبط کر لیا اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ اے ڈی جی آپریشنز رافیعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چند روز قبل مغل پورہ میں ملک شاپ کو ناقص دودھ کی فروخت پر سیل کیا تھا۔ مالکان نے خود ہی سیل کئے گئے ملک پوائنٹ کو کھول کر کام دوبارہ شروع کر دیا۔ ویجیلنس سیل کی اطلاع پر فوڈ سیفٹی نے ایکشن لیتے ہوئے سیل شدہ ملک پوائنٹ کو کھول کر چلانے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔جس کے نتیجے میں2ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف کرتے ہوئے ملک پوائنٹ کو دوبارہ سیل کر دیا گیا۔ تمام مشینری اکھاڑ کر قبضے میں لے لی گئی۔ مشینری میں 2 چلر، ایک کمپریسر اور 2 کاونٹر شامل ہیں۔