سرائیکی صوبے کیلئے یکم اپریل سے باضابطہ تحریک چلائی جائے گی: جمشید د ستی
ملتان(سپیشل رپورٹر) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے سرائیکی صوبے کے قیام کی یکم اپریل سے باضابطہ تحریک چلانے اور این اے 158شجاع آباد سے سرائیکی رہنما ملک اللہ نواز وینس کی عام انتخابات میں انفرادی طور پر حمایت کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ الگ صوبے کے قیام کے سلسلے میں زرداری گیلانی میرے ساتھ مناظرہ کر لیں میدان نہیں چھوڑوں گا ۔چیئرمین نیب ٹرخا رہا ہے کہ نواز شریف ملک سے بھاگ جائے سینیٹ الیکشن میں اربوں روپے کی بولیاں لگیں آئندہ وزیراعظم چھوٹے صوبے سے ہونا چاہئے الیکشن ہوتے نظر آ رہے ہیں مگر لیٹ ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں سرائیکی پارٹی کے صدر ملک اللہ نواز وینس اور عوامی راج پارٹی کے مرکزی رہنمائوں عامر کرامت ، ظفر اقبال گرمانی، حافظ محمد اصغر سعیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا جمشید دستی نے مزید کہا کہ میں نے سرائیکی صوبے کے قیام کے لئے قومی اسمبلی میں دو مرتبہ بل جمع کرایا لیکن پیپلز پارٹی ، (ن ) لیگ سمیت سب نے دھوکہ دیا مخدوم شاہ محمود قریشی نے الگ صوبے کے قیام کی حمایت کی اور آج تک ساتھ کھڑے ہیں۔