ترقیاتی منصوبے مکمل‘ امراض قلب کے مزید 3 ہسپتال بنائیں: بلاول کی وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت
کراچی/ نارووال (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو نے ہدایت کی کہ صوبے کے ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں۔ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے مزید 3 ہسپتال قائم کئے جائیں۔ شہید بینظیر آباد‘ خیرپور اور مٹھی میں امراض قلب کا مفت علاج ممکن بنایا جائے۔ مزیدبراں نارووال میں ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پیپلزپارٹی نے پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ وہ جیالوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ان کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا ملک کی کون سی جماعت ہے جس نے عوام کی ترجمانی کی ہو۔ میری 63 فیصد پاکستان کی نوجوان آبادی سے اپیل ہے ملک کے وسیع تر مفادات کیلئے میرا ساتھ دیں۔ ہماری واحد پارٹی ہے جس نے ہمیشہ غریبوں کی ترجمانی کی ہے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں۔ میں انشاء اللہ آپ کی امیدوں پر پورا اتروں گا۔ این این آئی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سابق وفاقی وزیر و پارٹی رہنما مرحوم غلام اکبر لاسی اور انکے بیٹے فیصل لاسی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے بھائی عبدالکریم لاسی اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی۔کراچی سے وقائع نگار کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاپاکستان اپنی تاریخ کے اہم دور سے گزر رہا ہے بہت ساری کامیابیاں ہمارا انتظار کررہی ہیں لیکن ان کو حاصل کرنے کی راہ میں ہمیں کئی چیلنجز درپیش ہیں‘ ان چیلنجز پر قابو پائے بغیر ہم مستقبل کی کامیابیوں کو یقینی نہیں بنا سکتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’پیغام پاکستان‘‘ کے تعارفی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ملک بھر سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے مختلف مکاتب فکر کی جانب سے جاری کردہ متفقہ فتویٰ ومشترکہ اعلامیہ اور 1829 نامور اور جید علماء کی توثیق پر مشتمل پیغام پاکستان کی تائید و حمایت کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس بیانیہ کو ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ اور روشن مستقبل کے لئے انتہائی ناگزیر بھی قرار دیا۔