ورلڈ مارشل آرٹ سمٹ کمانڈو خان سعید آفریدی نے 2 طلائی تمغے حاصل کئے
کراچی(کرائم رپورٹر) بنکاک تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارتکار عاصم افتخار احمد بینکاک میں ہونے والے ورلڈمارشل آرٹس کے مختلف مقابلوں میں 2 سونے، 02 کانسی اور ایک چاندی کے تمغے جیتنے پر ایس ایس یوسندھ پولیس کمانڈوکی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار سفارتخانہ میں خان سعید آفریدی کی پاکستان کے لیے فتوحات کو تسلیم کرنے کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیا ۔خان سعید آفریدی کی فتوحات کو تسلیم کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مارشل آرٹس مقابلوں میں کامیابی پر پاکستان کے عوام کوایس ایس یو سندھ پولیس کمانڈو کی کامیابی پر فخر ہے۔تھائی لینڈمیں منعقد ہونے والی ورلڈمارشل آرٹس سمٹ میں 63 سے زائد ملکوں نے حصہ لیا جس میں خان سعید آفریدی نے انڈیا اور امریکا کے کھلاڑیوں کو شکست دی بعدازاں۔انہوںنے انڈونیشیاء کے کھلاڑی کوبھی بہتر جسمانی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست دی اور ورلڈمارشل آرٹس چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد نے کہا ہے کہ انھیں کمانڈوخان سعید آفریدی کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کھیلوں کو فروغ دینے اور کمانڈوز کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کی ٹیموں کی تشکیل پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔