نوازشریف، مریم سمیت 16 لیگی رہنمائوں کیخلاف توہین عدالت درخواستیں فل بنچ کو بھجوا دی گئیں
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز سمیت 16 مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں کو سماعت کیلئے فل بنچ کے پاس بھجوا دیا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا تین رکنی فل بنچ 2 اپریل سے کیس کی سماعت کریگا۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ پانامہ کیس کے بعد نوازشریف اور مریم نواز سمیت (ن) لیگی رہنماوں نے عدلیہ کیخلاف مہم شروع کر رکھی ہے اور وہ عدلیہ کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں۔ ان رہنماوں کا عمل توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لہذا کارروائی کی جائے، جس پر عدالت نے تمام درخواستیں اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کی سماعت کیلئے تشکیل دئیے گئے فل بنچ کے روبرو سماعت کیلئے بھجوا دیں۔ دوسری جانب جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ کو خط ارسال کردیا گیا۔ خط میں گزشتہ پانچ سالوں میں ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ شہریوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے حکومتی پالیسی سے متعلق سوال اٹھائے گئے ہیں۔ بتایا جائے کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کیلئے وفاقی کابینہ کی اجازت سمیت کیا طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔ یہ بھی بتایا جائے کہ آج تک کتنے کام نیب ہائیکورٹ اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے حکم پر ای سی ایل میں ڈالے گئے۔