نجکاری کیخلاف درخواست‘ ہائیکورٹ نے پی آئی اے حکام سے جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قومی ائیر لائن پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف دائر درخواست پر پی آئی اے حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس شاہد مبین نے مقامی وکیل کی درخواست پر سماعت کی جس میں پی آئی اے کی نجکاری کو چیلنج کیا گیا۔ سماعت کے دوران ہائیکورٹ نے پی آئی اے سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کو درخواست میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔ درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ نجکاری سے متعلق کابینہ کی منظوری کے بعد سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ مقامی وکیل نے درخواست میں دعوی کیا کہ حکمران جماعت قومی ایئر لائن من پسند افراد کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔ درخواست پر مزید کارروائی 24 اپریل کو ہوگی۔