لاہور‘ فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں بارش، شرقپور، آسمانی بجلی سے ایک شخص جاں بحق‘ 2زخمی
لاہور‘ فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار وہلکی بونداباندی۔ شرقپور میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق‘2زخمی۔ گندم کو نقصان کے باعث زمینداروں کو پریشانی کا سامنا۔ عارف والا میں آنسمانی بجلی گرنے سے مکان کی دیوار اور شیڈ گر گیا۔ نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ فیصل آباد میں بارش کا سلسلہ جاری رہا‘ موسم انتہائی ٹھنڈا اور خوشگوار ہوگیا۔ ہلکی بارش کا سلسلہ صبح 9بجے تک جاری رہا۔ بارش کے بعد دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔ پارکوں اور تفریحی مقامات پر شہریوں‘ بچوں اور خواتین کا رش بڑھ گیا ہے۔ عارفوالا میں آسمانی بجلی گرنے سے مکان کی بیرونی دیوار وشیڈ گر گیا تاہم کوئی مالی وجانب نقصان نہیں ہوا۔ کمالیہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش۔ ناقص سیوریج سسٹم کے باعث بازاروں اور گلیوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ شہریوں کو ذرائع آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ چنیوٹ میں بارش کے باعث زمیندار فصل کیلئے پریشان ہوگیا۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور گلیاں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں جس سے ٹی ایم اے کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے سڑکیں کھنڈر بن گئیں‘ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چناب نگر وگردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں نے تفریح کے لئے بچوں کے ہمراہ دریائے چناب کا رخ کرلیا۔ چناب پارک میں آنے والے سیاح موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے اپنی فیملی کے ہمراہ گھومتے رہے۔ سرگودھا اور گردونواح میں منگل کے روز صبح سویرے ہون والی ہلکی بوندا باندی سے لوگ سموسے، پکوڑے‘ چاٹ اور اسی طرح کی دیگر چٹ پٹی اشیاء سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ ہوا چلنے سے درختوں سے گرنے والے پتوں نے منظر کو مزید خوبصورت بنا دیا۔ شرقپورشریف کے موضع میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جابحق جبکہ دوافراد شدید زخمی ۔ قلعہ شریف کے محمد شریف رحمانی جوکہ اپنے دوستوںمحمد ریاض ،طالب علی کے ہمراہ بارش سے مائی سیداں بی بی کے مزار کے قریب جامن کے درخت کے نیچے بیٹھے ہوئے تھے ۔ اچانک ان پر آسمانی بجلی آگری جس کے نتیجے میں محمد شریف رحمانی موقع پر جابحق ہوگیا جبکہ محمد ریاض ،طالب علی شدید زخمی ہوگئے جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال ریفر کردیا گیا۔