مولانا سمیع الحق کا دل کے آپریشن کے بعد اکوڑہ خٹک پہنچنے پر شاندار استقبال
اکوڑہ خٹک (این این آئی) جمعیت علماء اسلام اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق ہسپتال سے گزشتہ روز ڈسچارج ہو گئے، واضح رہے کہ مولانا سمیع الحق کو 20فروری کو دل کی تکلیف کے باعث راولپنڈی کے امراض قلب کے ہسپتال اے ایف آئی سی میں داخل کردیا، 5 مارچ کو ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی،آج تک وہ ہستال میں ماہرڈاکٹروں کی نگرانی میں زیرعلاج تھے۔گزشتہ روز ہسپتال سے اپنے گھر اکوڑہ خٹک آمد پر جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے اساتذہ شیخ الحدیث مولانا انوار الحق صاحب ،شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ،مولانا حامد الحق حقانی، مولانا سید یوسف شاہ، مولانا شوکت علی، مولانا مفتی غلام قادر، مولانا فیض الرحمن، مولانا سعید الرحمن ،مولانا راشد الحق ،مولانا بلال عابد، مولانا حزب اللہ ،مولانا ظفر الحق، مولانا حمایت الحق اور جامعہ کے طلبااور شہریوں نے مدرسہ سے ایک کلومیٹر دور جی ٹی روڈ پر دو رویہ کھڑے ہوکر مولانا سمیع الحق زندہ باد کے نعروں کی گونج سے استقبال کیا اور گل پاشی کی گئی،جمعیت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید محمد یوسف شاہ کے مطابق مولانا سمیع الحق کو ڈاکٹروں نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ تمام متعلقین سے گزارش ہے کہ وہ ملاقات کرنے کی کوشش نہ کریں۔