کوئی طاقت چینی عوام کو اپنے خواب کی تعبیر پانے سے نہیں روک سکتی: صدر شی جن پنگ
بیجنگ (آئی این پی‘ آن لائن‘ اے ایف پی ) چین کے صدر شی جن پنگ نے واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی ترقی کسی بھی ملک کے لئے خطرہ ہو گی نہ ہی کوئی طاقت چینی عوام کو اپنے خواب کی تعبیر پانے سے روک سکتی ہے۔ دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر کو فروغ اور پوری دنیا کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کر یں گے ،بین الاقوامی انصاف کے تحفظ کے لئے مزید کوشاں ر ہیں گے، آئین کے مطابق اپنے فرائض انجام د ونگا ، کوئی بھی علیحدگی پسندانہ کاروائی ضرور ناکام ہو گی ایسا کرنے والے کو تاریخی سزا دی جائے گی ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کی تیرویں قومی عوامی کانگرس کے پہلے اجلاس کی اختتا می تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ وہ آئین کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے، ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے تیار اور چینی عوام کی جانب سے اپنے احتساب کیلیے رضامند ہیں۔ صدر شی جن پنگ نے پرزور الفاظ میں کہا کہ چینی خصوصیات کا حامل سوشلزم کا نیا دور ہر ایک چینی کا ہے۔ اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے کوئی بھی طاقت چینی عوام کو اپنے خواب کو پورا کرنے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے چین کے سرکاری اہل کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا ملک چین ہے۔وہ ہمیشہ عوام کو فوقیت دیں گے۔ ہمیشہ عوام کے لئے خدمات سرانجام دیں گے اور عوام کے مفادات اور خوشحالی کے لئے ہمیشہ بھر پور کوشش کریں گے۔ صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے آئین میں دیے گئے حقوق عوام کے لیے ہیں۔ عوام پر اعتماد ہوں گے تو ملک کا مستقبل روشن اور ملک طاقتور ہوگا. صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا تحفظ اور قومی اتحاد تمام چینیوں کی مشترکہ خواہش ہے اور چینی قوم کا بنیادی مفاد بھی ہے۔ اس کے پیش نظر، کوئی بھی علیحدگی پسندانہ کاروائی ضرور ناکام ہو گی۔ ایسے عمل کی عوام مذمت کریں گے اور ایسے عمل کو تاریخ میں بھی سزا ملے گی۔ صدر شی نے کہا کہ چین کبھی بھی دیگر ممالک کے مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے چین کی ترقی کو فروغ نہیں دے گا۔
آن لائن کے مطابق چینی صدر نے اختتامی خطاب کے دوران کہا کہ چین اپنے راستے پر آگے بڑھنے کی کوشش کرتا رہے گا۔ ان کے مطابق یہ تائیوان کے ساتھ چین کی پرامن اتحاد کی کوشش ہے۔امریکہ بیان بازی سے گریز کرے۔ چینی صدر نے کہاچینی عوام کا مشترکہ خیال ہے کہ انھوں نے کبھی بھی اپنے عظیم ملک کا ایک انچ حصہ بھی اپنے سے علیحدہ نہیں ہونے دیا اور یہ ناممکنات میں ہے۔انہوں نے تائیوان کی علیحدگی اور چین کو منقسم کرنے کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا: 'تاریخ نے ثابت کر دیا ہے اور مسلسل ثابت کر رہی ہے کہ صرف سوشلزم ہی چین کو بچا سکتا ہے۔ ان کی نظر میں عوام اصل ہیرو ہیں اور انہیں بشمول تمام دوسرے سیاست دانوں کے لوگوں کے مفاد کے لیے سخت محنت کرنا چاہیے۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ان کا ملک مضبوط ہوگا لیکن جارح نہیں ہوگا اور وہ اپنی ترقی باقی دنیا کی قیمت پر نہیں کرے گا۔صدر کے خطاب کے بعد وزیر اعظم لی کیچیانگ کی سالانہ نیوز کانفرنس ہوئی جس میں یہ کہا گیا کہ بیجنگ بازار کے اصول پر مبنی تعاون چاہتا ہے جس سے سب کو فائدہ حاصل ہوگا۔