سالانہ چار روزہ قومی کتاب میلہ چھ اپریل سے اسلام آباد میں شروع ہوگا
اسلام آباد ( وقائع نگارخصوصی)) سالانہ چار روزہ قومی کتاب میلہ 6 اپریل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں شروع ہوگا جو 9 اپریل تک جاری رہے گا۔ پہلی مرتبہ چین اور ترکی بھی میلہ میں حصہ لیں گے اور اپنے سٹالز لگائیں گے۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیرصدارت منگل کو اجلاس میں قومی کتاب میلہ کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے ہدایت کی کہ اندرون وبیرون ملک سے میلہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور عوام کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے شکایات مرکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ میلہ کے دوران کسی بھی قسم کی صورتحال کا سامناکرنے کے لئے مستعد عملہ عوام اور شرکاء میلہ کی معاونت کے لئے ہمہ وقت موجود ہو۔ انہوں نے کہاکہ میلے میں کتب کی رعایتی قیمت پر فروخت کو بھی یقینی بنانے کے لئے جامع طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ عوام کو نیشنل بُک فائونڈیشن (این بی ایف) کے علاوہ نجی ناشرین سے شائع ہونے والی کتابیں مناسب اور ممکنہ حد تک کم قیمت پر دستیاب ہوں۔ عرفان صدیقی نے طالب علموں، خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے موضوعات پر معیاری کتب کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ کتاب دوستی کا فروغ قومی ذمہ داری ہے۔