مجلس قائمہ مواصلات کی چیئرمین این ایچ اے کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی
اسلام آباد ( خبر نگار) چیئرمین این ایچ اے کی مجلس قائمہ براے ٔ مواصلات کے اجلاس میںمسلسل عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار ۔چیئرمین کی عدم موجودگی سے گذشتہ کئی اجلاسوں میں این ایچ اے کے معاملات تاخیر کا شکار ہیں اور کمیٹی کی ہدایات پر بالکل عمل درآمد بھی نہیں ہورہا۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ قراقرم ہائی وے اتھارٹی نے کیال بریج کے متاثرین کو ابھی تک ادائیگی نہیں کی۔ اس طرح گذشتہ اجلاس میں ہدایت کی گئی تھی کہ قبہ سعید خان شہداد کوٹ میں این ایچ اے نے روڈ کے لئے جو زمین حاصل کی تھی اْس کے متاثرین کو ابھی تک جزوی ادائیگی ہوئی ہے باقی لوگوں کو ادائیگی نہیں کی گئی۔ مزید برآں دیر میں بھی متاثرین کو ابھی تک ادائیگی نہیں کی گئی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ضلع لکی مروت میں سرائے نورنگ میں سابق ایم این اے کے پیٹرول پمپ پر ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے اور متعلقہ پولیس نے جو کارروائی کی تھی اْس کی بھی مکمل رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ کمیٹی نے اس معاملے کو قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ چیئرمین این ایچ اے مجلس قائمہ کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں ۔ لہذا اْن کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔