سی پیک کے منصوبوں میں شفافیت کی ضرورت ہے،فر حت اللہ بابر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سینیٹر فرحت اللہ بابر نے آج پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (PIPS) میں بزنس اور انسانی حقوق کے موضوع پر ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) کے منصوبوں میں شفافیت کی ضرورت ہے اور عوام کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان کے مزدوروں کی جانب سے حکومت کن انتظامات پر دستخط کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور تنظیمیں مطالبہ کر رہی ہیں کہ سی پیک کے منصوبوں میں مقامی مزدوروں کے حقوق کا خیال رکھا جائے لیکن اب تک حکومت کی جانب سے اس بارے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے تجویز پیش کی کہ مقامی مزدوروں اور چائلڈ لیبر کے بارے میں اعدادوشمار رکھے جائیں اور یہ بھی دیکھا جائے کہ کم سے کم تنخواہیں کیا ہیں اور ان کے کام کرنے کے حالات کس طرح کے ہیں۔ بزنس ہائوسز سے کہا جائے کہ وہ ہر صورت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے طریقہ کار شائع کریں اور یہ بھی کہ یہ خلاف ورزیاں کس طرح ختم کی جا سکتی ہیں۔ فی الحال بڑے منصوبوں کی اجازت ماحولیات پر اثرانداز ہونے سے مشروط ہے۔ منصوبوں پر یہی اصول اس بات پر بھی ثبت ہونا چاہیے کہ مزدوروں کے انسانی حقوق کا خیال رکھا گیا ہے یا نہیں اور اس کے بعد ہی منصوبوں کی اجازت دینی چاہیے۔