فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی سمیت 3ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد (نا مہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس سے متعلق دیگر تین مقدمات میں خادم حسین رضوی سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فیض آباد دھرنے کے دوران پولیس چوکی پر حملے اور تشدد کے مقدمات کی سماعت کی جس میں تحریک لبیک کے خادم حسین رضوی سمیت تین ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت کی جانب سے تھانہ کھنہ میں درج تین مقدمات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، مقدمات میں دہشت گردی، پولیس پرتشدد، کارسرکار میں مداخلت سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔ان مقدمات میں خادم حسین رضوی، مولانا عنایت اللہ، ضیا اللہ خیری اور شیخ اظہر تھانہ کھنہ پولیس کو مطلوب ہیں۔واضح رہے کہ پیر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر گزشتہ روز پولیس خادم رضوی اور پیر افضل قادری کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔