برطانوی سکولوں کو دھمکی آمیزای میل موصول،پورے ملک میں خوف و ہراس
لندن(این این آئی)انگلینڈ کے ایک سکول کو نامعلوم شخص کی طرف سے دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے واقعے نے پورے ملک میں خوف ہراس پھیلا دیا جس کے نتیجے میں سکولوں میں چھٹی کرادی گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک سکول کو ای میل کے ذریعے یہ پیغام ملا کہ سکول کوکسی بھی وقت دھماکے سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔ اس ای میل کے بعد نہ صرف متعلقہ سکول بلکہ کئی دوسرے علاقوں کے سکولوں کی عمارتیں بھی خالی کرالی گئیں اور بچوں کو چھٹی دے دی گئی۔اگرچہ یہ دھمکی آمیز ای میل صرف ایک سکول کو ملی تھی مگر لوگوں میں یہ افواہ پھیلی کہ برطانیہ کے سینکڑوں سکولوں کو بم دھماکے سے اڑانے کی ای میلز موصول ہوئی ہیں جس کے بعد سکولوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔ اس افواہ کے بعد دارالحکومت لندن کے سینکڑوں سکول بھی بند کردیئے گئے۔سکولوں میں دھماکے کرنے کی ای میل کی افواہ پر تمام سکولوں کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔سکولوں کی جانب سے بچوں کے والدین کو بھی تسلی دی گئی کہ ان کے بچے محفوظ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔بعدازاں بتایاگیا کہ ملک کے سینکڑوں سکولوں کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سکولوں کو بم دھماکوں سے تباہ کیا جائے گا۔ برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ کئی سکولوں کو دھمکی آمیز پیغامات ملے ہیں جن میں ان سے بھتہ ادا کرنے کیلئے کہا گیا ہے اور نہ کرنے پرسکول کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔