یوٹرن، دھرنا، جھوٹ نیازی صاحب کی پہنچان، انتخابات میں عوام محاسبہ کریں گے شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف 6 روزہ نجی دورے پر لندن پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے، معمول کا طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔ وہ دورہ برطانیہ کے دوران اوورسیز پاکستانیز اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ قبل ازیں ایم این اے عارف خالد سے ملاقات میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ کی رحمت شامل رہی اور عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔ پاکستان کو توانا اور خوشحال بنانے کے لئے سب کو ملکرکام کرنا ہوگا۔ملک و قوم کی ترقی کے سفر میںہر فرداپنا کردار ادا کرے۔ ترقی اور خوشحالی مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے۔ ہمارا ماضی اورحال عوام کی خدمت ،فلاح وبہبود اور بھرپور ترقی کے اقدامات سے عبارت ہے۔ ہم نے ہر قدم ملک کی ترقی جبکہ مخالفین نے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے میں صرف کیا۔نیازی صاحب نے خیبر پی کے کے عوام کی خدمت کی بجائے الزام تراشی میں وقت ضائع کیا۔ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کی کارکردگی اپنے صوبوں میں صفرکے برابر ہے۔ یو ٹرن، دھرنا، الزام تراشی اور جھوٹ نیازی صاحب کی پہچان ہے۔ عوامی خدمت کے جذبے سے عاری عناصر کو پنجاب کی ترقی بھی آنکھ نہیں بھاتی۔ آئندہ انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے منفی سیاست کا احتساب کریں گے۔ نیازی صاحب! دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔ انتخابات میں عوام ترقی مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔ ہم آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کے ریکارڈ لے کر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ لاہور میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد پر تہنیتی پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ دنیا جان لے ،پاکستان پرامن ملک ہے اورپاکستان کے شہری کرکٹ کے شیدائی ہیں۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ اوردیگر کھیلوں کے مقابلے بھی جلددیکھنے کو ملیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ایس ایل تھری کی ٹیموںکو لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔پی ایس ایل تھری کے میچوں کا پاکستان میں انعقاد کھیل کے میدان میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے۔ پاکستان میں پی ایس ایل کے میچوں کے انعقاد سے اقوام عالم کو پاکستان ایک پرامن ملک ہونے کا پیغام جائیگا۔ شائقین کرکٹ کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ ہم نے قوم کی خوشیوں میں اسی طرح اضافہ کرنا ہے۔ کسی کو قوم کی خوشیاں نہیںچھیننے دیں گے۔ شہباز شریف نے ڈاؤن سینڈروم سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ڈاؤن سینڈروم بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ڈاؤن سینڈروم ڈے منانے کا مقصد مرض سے بچائو اور علاج معالجے کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔خصوصی بچے اہلیت اورقابلیت کے لحاظ سے کسی طور بھی نارمل بچوں سے کم نہیں۔شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی محمد ایاز سومرو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف