بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کورم پورانہ ہونے پر ملتوی
کوئٹہ (نما ئندہ نوائے وقت )بلوچستان اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم پورانہ ہونے پر ملتوی کردیا گیا، جبکہ اپوزیشن اراکین کی جانب سے اس بات پر شدید تحفظات کااظہار کیا گیا کہ حکومتی اراکین اسمبلی اجلاسوں میں اپنی شرکت کو یقینی نہیں بناتے ۔ صوبائی اسمبلی کا اجلاس منگل کی سہ پہر قریباً آدھے گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر راحیلہ حمیدخان درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس شروع ہوا توسابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈرڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایوان کی خالی کرسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سپیکر کو مخاطب کیا اور کہا کہ ہم ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانا چاہتے ہیں مگر حکومتی اراکین اجلاسوں میں نہیں آرہے ،انہوںنے کہا کہ حکومتی اراکین کو پابند کیا جائے کہ وہ اسمبلی اجلاسوںمیں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ۔ جے یوآئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اور رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ کورم حکومتی بینچز کا مسئلہ ہے ۔ صوبائی وزیر زراعت اور مسلم لیگ (ق )کے صوبائی صدرشیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ٹھیک ہے کہ حکومت کاکام ہے کہ کورم پورا کرے مگر اپوزیشن کو بھی چاہئے کہ و ہ اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بنائے ،انہوں نے کہا کہ میں اجلاس کے بعد تمام اراکین حتیٰ کہ وزیراعلیٰ کو کال کروں گا تاکہ تمام اراکین اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم ایوان ہے جس کی کارروائی چلانا اہم ہے اس لئے تمام اراکین اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ایوان کی کارروائی کو چلایاجاسکے ۔
بلوچستان اسمبلی اجلاس